نئی دہلی 24اگست (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) کانگریس صدر راہل گاندھی ان دنوں بیرون ملک کے دورہ پر ہیں ۔لندن میں انہوں نے مرکز کی بی جے پی حکومت کو گھیرتے ہوئے کئی باتیں کہیں۔ان میں سے کچھ چیزیں اترپردیش کے تناظر میں بھی تھیں۔
راہل نے دعوے کے ساتھ کہا کہ بی جے پی 2019 لوک سبھا انتخابات میں یوپی سے بمشکل 5 سیٹ ہی حاصل کر پائے گی۔راہل گاندھی نے بی جے پی پر جم کر نشانہ سادھا اور کہا کہ آر ایس ایس بھارتی اداروں پر قبضہ کرنا چاہتا ہے جبکہ کانگریس، سماجوادی پارٹی، بی ایس پی کے ساتھ ایسا نہیں ہے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ آر ایس ایس بھارت کی نوعیت اور اقسام کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔دیگر پارٹیوں نے بھارت کے اداروں پر قبضہ کرنے کے لئے کبھی حملہ نہیں کیا۔آر ایس ایس عرب ممالک کی (بردرہڈ) جیسی ہے۔راہل گاندھی نے کہا کہ 2004 میں بھی انڈیا شائنگ کی باتیں کی گئی تھیں۔راہل گاندھی نے کہا کہ یوپی۔بہار میں اتحاد ہوا تو بی جے پی جیت نہیں پائے گی۔
انہوں نے دعوی کیا کہ اتحاد یوپی میں بھاری کامیابی حاصل کرے گا جبکہ بی جے پی بمشکل 5 سیٹیں جیت پائے گی۔واضح ہو کہ یوپی میں لوک سبھا کی 80 نشستیں ہیں جن میں سے 71 سیٹوں پر بی جے پی نے جیت درج کی تھی۔ مانا جا رہا ہے کہ اگر مہا گٹھ بندھن ہوتا ہے تو بی جے پی کو مشکل پیش آسکتی اور تمام سیاسی تانے بانے بکھر سکتے ہیں ۔ مہا گٹھ بندھن میں ایس پی، بی ایس پی، کانگریس اور آر ایل ڈی ایک ساتھ ہوکر بی جے پی کے خلاف الیکشن لڑ سکتی ہیں۔مایاوتی اور اکھلیش یادو اس کے لئے مسلسل حکمت عملی بنا رہے ہیں۔